ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آئی اے ایس امتحان پاس کرنے کی کہانی: بنگلوروبس کنڈکٹر نے بولاتھا جھوٹ!

آئی اے ایس امتحان پاس کرنے کی کہانی: بنگلوروبس کنڈکٹر نے بولاتھا جھوٹ!

Wed, 05 Feb 2020 14:51:24    S.O. News Service

بنگلورو5/فروری (ایس او نیوز) گزشتہ ہفتے بنگلورو میں  بی ایم ٹی سی کے بس کنڈکٹر مدھونے سول سروس امتحان پاس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے میڈیا اور عوام کی ستائش بٹورلی تھی۔ لیکن اب پتہ چلا ہے کہ اس کا یہ دعویٰ جھوٹا تھا۔

 سب سے پہلے بنگلورو میررنامی اخبار نے یہ اسٹوری پیش کی تھی، جس کے بعد میڈیا کے دوسرے پلیٹ فارمس پر بھی یہ خبر عام ہوگئی، اس خبر کو ساحل آن لائن نے بھی شائع کیا تھا، جس کے بعد  بی ایم ٹی سی کے افسران اور عوام کی طرف سے مدھو کی بھرپور ستائش کی گئی۔ مگر پتہ چلا ہے کہ اپنی کہانی کی تصدیق کے لئے اس نے امتحان کا جو نتیجہ(نام اور رول نمبر کے ساتھ) دکھایا تھا وہ کسی مدھوکماری نامی خاتون کاتھا اوراس نے میڈیا اور اپنے افسران کو بے وقوف بناتے ہوئے اسے اپنے نام سے منسوب کرلیا۔

 بتایاجاتا ہے کہ ’لوجیکل انڈین‘ نامی ایک تحقیق کرنے والے گروپ نے14/جنوری 2020میں یو پی ایس سی کی طرف سے جاری کی گئی نوٹس کا جائزہ لیا اور پتہ لگایا تو اس میں بس کنڈکٹر مدھو کا نام شامل نہیں تھا۔اس کہانی کا پردہ فاش ہونے کے بعد بنگلورو میرر کے ایڈیٹر روی جوشی نے ٹویٹ کرکے قارئین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ایک بس کنڈکٹر کی طرف سے آئی اے ایس امتحان میں کامیاب ہونے کی کہانی بہت ہی شاندار اور دلکش تھی، لیکن بالآخر یہ جھوٹ ثابت ہوئی۔اس لئے ہم اس خبر کو اس وقت تک کے لئے ہٹارہے ہیں، جب تک یہ ثابت نہیں ہوجاتا کہ مدھو نے ہم سے اور بی ایم ٹی سی کے اپنے افسروں سے جھوٹ کیوں بولا تھا۔
 


Share: